معاشی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، وزیراعظم

معاشی ترقی کیلئے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے اور حکومت کاروباری افراد و برآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی برآمدات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2025-2026 کی اب تک کی برآمدات و درآمدات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیر اعظم کے مشیر ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا تاکہ برآمدات کے شعبے میں وسعت کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں۔انہوں نے وفاقی وزراء برائے تجارت، صنعت و پیداوار اور قومی غذائی تحفظ کو ہدایت کی کہ وہ مختلف صنعتی و تجارتی شہروں میں برآمد کنندگان کے پاس جائیں اور کولڈ چین اور صنعت و تجارت سے منسلک دیگر شعبوں کے فروغ کے لیے صوبوں سے روابط مزید بہتر بنائیں۔