اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات میں اضافے کو معاشی ترقی کی بنیاد بنانے اور برآمدی شعبوں کو وسعت دینے کے لیے بڑے اقدامات کی ہدایت کردی۔
برآمدات کے فروغ اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ روایتی شعبوں کے ساتھ مزید صنعتوں اور شعبوں کو بھی عالمی منڈیوں کے لیے تیار کیا جائے۔شہباز شریف نے پاکستانی مصنوعات کا معیار عالمی تقاضوں کے مطابق بنانے، کوالٹی اشورنس کا نظام مؤثر کرنے اور بین الاقوامی معیار و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے برآمدات میں ویلیو ایڈیشن، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ملکی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔انہوں نے برآمد کنندگان کو درپیش انتظامی اور کاروباری رکاوٹیں دور کرنے اور برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں نئی عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدی شعبوں میں تنوع، مصنوعات کے معیار میں بہتری اور کاروباری سہولت کاری سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا، جبکہ برآمدات کے فروغ کے لیے منظور شدہ اسٹرٹیجک روڈ میپ پر عملدرآمد کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دوست ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹس اور رعایتی نرخوں پر تجارت کے معاہدوں کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ پاکستانی ہارٹیکلچرل مصنوعات، سرجیکل اور میڈیکل آلات کی برآمدات بڑھانے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ عالمی کمپنیوں کو پاکستانی مصنوعات سے روشناس کرانے کے لیے ٹیکسپو، ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو، فوڈ اینڈ ایگریکلچر سمیت مختلف نمائشیں ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کی جارہی ہیں۔بریفنگ کے مطابق برآمدات میں جدت کے فروغ کے لیے انٹیلیکچوئل پراپرٹی قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر بھی کام جاری ہے، جبکہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تنظیم نو مکمل ہوچکی ہے۔