سکولز ایجوکیشن دفاتر میں ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ

لاہور (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے انتظامی امور میں بہتری اور کارکردگی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ہفتے اور اتوار کے روز دفاتر میں ہفتہ وار چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت محکمہ سکول ایجوکیشن کے تمام متعلقہ دفاتر ہفتے اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے۔محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام ڈی پی آئیز، چلڈرن لائبریری کمپلیکس، پیما اور پیکٹا سمیت دس ماتحت اداروں کے سربراہان کو فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام دفاتر معمول کے مطابق دفتری امور سرانجام دیں گے اور حاضری کو یقینی بنایا جائے گا۔مزید بتایا گیا ہے کہ پیکٹا اور پیما کے ادارے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو ورکنگ اور انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔ نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دفتری کارکردگی کو مؤثر بنانا، زیر التوا امور نمٹانا اور تعلیمی نظام سے متعلق فیصلوں میں تاخیر کا خاتمہ کرنا ہے۔محکمہ حکام کے مطابق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جبکہ اس فیصلے کے نتائج کا باقاعدہ جائزہ بھی لیا جائے گا۔