9 مئی کلب چوک جی او آر حملہ کیس میںیاسمین راشد، اعجاز چودھری، سرفراز چیمہ ‘ محمود الرشید کودس 10 سال قید کا حکم
عدالت نے 13 ملزموں کو سزائیں سنائیں ‘ 9 ملزموں کو بری کر دیا گیا‘اشتہاری قرار4ملزموں کی گرفتاری کا حکم دیدیا
لاہور(خصوصی رپورٹ)انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ نو مئی کلب چوک جی او آر کے گیٹ پر حملے کے مقدمے میں پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، سرفراز چیمہ اور محمود الرشید کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا۔ عدالت نے 18 دسمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔عدالت نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مقدمے سے بری کر دیا۔عدالت نے مجموعی طور پر 13 ملزموں کو سزائیں سنائیں جبکہ 9 ملزموں کو عدالت نے بری کر دیا۔ شاہ محمود قریشی بری ہونے والوں میں شامل ہیں۔عدالت نے دوران اشتہاری قرار دیے گئے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا۔ اشتہاری قرار پانے والوں میں فاروق انجم، حبیب احمد، ارسلان اور اکبر خان شامل ہیں۔مقدمے میں پراسیکیوشن کے کل 56 گواہوں نے بیانات قلمبند کروائے۔ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز، اعجاز چودھری ور محمود الرشید سمیت 25 ملزمان مقدمے میں نامزد ہیں۔ مقدمہ کے 25 ملزموں کا چالان عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔تھانہ ریس کورس نے کلب چوک جی او آر گیٹ پر حملہ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے کلب چوک جی او آر گیٹ کے سیکیورٹی کیمرے توڑے، ملزمان نے پولیس کی وائر لیس اور جی او آر گیٹ کے شیشے بھی توڑے۔ ملزمان نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہکاروں پر حملہ کیا۔پی ٹی آئی رہنماؤں پر کارکنان کو 9 مئی بغاوت اور فسادات پر اکسانے کا الزام ہے۔شاہ محمود قریشی کو8مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا‘پانچ میں بری ہو چکے ہیں‘منگل کو ان کی درخواست پر عدالت نے 3مقدمات میں ان کی ضمانت منظور کرلی تو وہ رہا ہو جائیں گے