ہزارہ ڈویژن کے جنگلات میں شدید آگ، گلیات اور ایوبیہ سمیت متعدد علاقے متاثر

ہزارہ ڈویژن کے جنگلات میں شدید آگ، گلیات اور ایوبیہ سمیت متعدد علاقے متاثر

 ہزارہ ڈویژن کے مختلف مقامات پر گھنے جنگلات میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق گلیات، ایوبیہ، پائپ لائن اور توحید آباد کے جنگلات میں آگ لگی، جبکہ دوسری جانب چیچیاں انٹرچینج اور حویلیاں بائی پاس کے اطراف بھی شدید آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر وہیکلز اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔آگ تیزی سے پھیلتے ہوئے وسیع جنگلاتی رقبے تک پھیل گئی۔ نتھیاگلی اور ایوبیہ سے ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فائر فائٹنگ آپریشن شروع کیا۔

دشوار گزار راستوں اور شدید اندھیرے کے باعث آگ بجھانے کے عمل میں ریسکیو اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔آگ کی شدت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر حفیظ رحمٰن اور ایمرجنسی آفیسر فہد علی مسعود 30 اہلکاروں کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مانسہرہ اور ہری پور سے اضافی ریسکیو ٹیمیں بھی طلب کر لی گئیں۔