پاکستانی مشہور ڈیزائنر حسن شہریار کو فلسطینی رومال کفیہ کی طرز پر پینٹس بنانے پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
حسن شہریار نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کفیہ کی طرز پر پینٹس متعارف کرائیں اور اس کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی۔ ان پینٹس کو پہن کر وہ فلسطینی روایات کی تقلید کرنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم اس پر سوشل میڈیا پر مداحوں اور کچھ عرب افراد نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔مداحوں کا کہنا تھا کہ کفیہ عرب ثقافت کا اہم حصہ ہے، جو سر اور کندھے پر پہنا جاتا ہے، اور اس کی طرز پر پینٹس بنانا درست نہیں ہے۔
کچھ صارفین نے کہا کہ کفیہ کو اسکارف یا شرٹ کے طور پر استعمال کرنا قابل قبول ہو سکتا ہے لیکن پینٹس کا استعمال عرب ثقافت کی توہین کے مترادف ہے۔ اس کے علاوہ، کچھ لوگوں نے حسن شہریار کو ڈیزائننگ کے دوران عقل سے کام لینے کا مشورہ بھی دیا۔یہ واقعہ حسن شہریار کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے جس کے ذریعے وہ عرب ثقافت کی حساسیتوں کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔