راولپنڈی کے تھانہ جاتلی کے علاقے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے اہلکار بلال نے رشتہ دینے سے انکار پر خاتون کو راستہ روکے کر تشدد اور دھمکیاں دیں۔
خاتون کے مطابق، وہ نتھہ چھتر کی رہائشی ہے اور 13 اگست کو شام 5 بجے اپنی والدہ اور بیٹی کے ساتھ رکشہ میں سوار ہوکر دولتالہ جارہی تھی۔ راستے میں بن کمال شاہ کے قریب، بلال ولد صفدر نے رکشہ روک کر خاتون کے منہ پر تھپڑ مارا اور نازیبا کلمات کہے۔ملزم نے اسلحے کی نوک پر نازیبا زبان استعمال کی اور جان سے مارنے، عزت خراب کرنے کی دھمکیاں دیں۔ موقع پر موجود رکشہ ڈرائیور نے خاتون اور اس کی بیٹی کو بچایا۔خاتون کے مطابق، ملزم بلال نے اس کی بیٹی کا رشتہ مانگا تھا، جسے انہوں نے انکار کردیا تھا، اور اسی عناد کے سبب یہ واقعہ پیش آیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم بلال کو گرفتار کرلیا ہے، اور تفتیش جاری ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر سی سی ڈی راولپنڈی حسن جہانگیر وٹو نے بلال کو معطل کردیا ہے۔