باغبانپورہ میں فائرنگ، مرکزی ملزم سمیت چار افراد گرفتار

زخمی افراد ہسپتال منتقل،متاثرہ شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا 
لاہور (کرائم رپورٹر) باغبانپورہ کے علاقے اقبال نگر بازار میں بچوں کے معمولی تنازع پر فائرنگ کے واقعے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت 4 نامزد ملزمان عامر، حنان، عمر اور خضر کو گرفتار کر لیا ہے۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 15 کی کال پر ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے ٹیم کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ کر ملزمان کو حراست میں لیا۔ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن راحیلہ اقبال کے مطابق واقعے کی وجہ عناد بچوں کے درمیان ہونے والا معمولی لڑائی جھگڑا تھا جس نے بعد میں تلخ روپ اختیار کر لیا۔پولیس نے متاثرہ شہری عمران کی مدعیت میں نامزد و نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر روپوش ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں