ڈاکٹر نگہت کی دوبارہ بطور پروفیسر تقرری کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار

کراچی(آئی این پی ) سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر نگہت کی ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ بطور پروفیسر تقرری کے خلاف درخواست ابتدائی مرحلے پر ہی ناقابل سماعت قرار دیدی۔ جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دئیے کہ صوبائی کابینہ کا فیصلہ پالیسی نوعیت کا ہے اور بادی النظر میں کابینہ کے فیصلے میں کوئی دائرہ اختیار کا نقص یا بدنیتی نہیں ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کابینہ نے ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ سے 2 روز قبل دوبارہ 3 برس کے لئے تقرری کی ہدایت کی، جبکہ شعبہ گائنی میں پروفیسر کی آسامی کا اشتہار پہلے ہی جاری ہوچکا تھا اور تقرری کا عمل جاری تھا۔ نعیم اقبال ایڈووکیٹ نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ تقرری حق نہیں بلکہ غیر معمولی اقدام ہے، درخواست گزار ڈاکٹر میمونہ شعبہ گائنی میں پروفیسر کی تقرری کیلئے حقدار ہیں۔