وائٹ ہاؤس کا سرکاری ٹک ٹاک اکاؤنٹ قائم

وائٹ ہاؤس کا سرکاری ٹک ٹاک اکاؤنٹ قائم

واشنگٹن (ویب ڈیسک): وائٹ ہاؤس نے باضابطہ طور پر اپنا سرکاری ٹک ٹاک اکاؤنٹ لانچ کر دیا ہے۔

 اس اقدام کا مقصد امریکی عوام بالخصوص نوجوان نسل تک انتظامیہ کے پیغامات اور پالیسیوں کو براہِ راست پہنچانا ہے۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق، نئی ڈیجیٹل حکمتِ عملی کے تحت ٹک ٹاک کا استعمال حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نوجوانوں کی بڑی تعداد کو متاثر کر رہے ہیں۔امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، امریکہ میں ٹک ٹاک کے صارفین کی تعداد تقریباً 150 ملین ہے، جن میں زیادہ تر نوجوان طبقہ شامل ہے۔ اس تناظر میں وائٹ ہاؤس کا فیصلہ سیاسی اور سماجی دونوں حوالوں سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کو امریکہ میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے اس کا کاروبار امریکی کمپنی کو فروخت کرنے کا الٹی میٹم دے رکھا ہے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ایپ پر پابندی عائد کرنے کا خدشہ موجود ہے۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک طرف وائٹ ہاؤس خود ٹک ٹاک کو عوامی رابطے کے لیے استعمال کر رہا ہے اور دوسری طرف اس پر ممکنہ پابندی کی تلوار بھی لٹک رہی ہے، جو اس معاملے کو مزید متنازع بنا رہی ہے۔