ماہِ ربیع الاوّل 1447 ہجری کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 24 اگست بروز اتوار منعقد ہوگا۔
یہ اجلاس شام 6 بج کر 30 منٹ پر وزارتِ مذہبی امور کے کوہسار بلاک کی چھت پر کیا جائے گا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر بیک وقت منعقد ہوں گے، جن سے موصول ہونے والی شہادتوں کی روشنی میں مرکزی کمیٹی فیصلہ کرے گی۔
اجلاس کے دوران موصول ہونے والی شہادتوں کو پرکھنے اور سائنسی ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد ماہ ربیع الاوّل کے آغاز کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور نے اجلاس کی کارروائی کی لائیو کوریج کے خصوصی انتظامات بھی مکمل کر لیے ہیں تاکہ عوام کو فوری طور پر فیصلے سے آگاہ کیا جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے تاکہ فیصلہ مکمل اتفاقِ رائے سے کیا جا سکے۔