ویب ڈیسک: نائیجیریا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مسلح افراد نے مسجد کے احاطے میں نماز کے دوران اندھا دھند فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 27 نمازی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔مقامی میڈیا کے مطابق واقعہ کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ شہید ہونے والے نمازیوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے کئی زخمیوں کی حالت کو تشویشناک قرار دیا ہے۔پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم اب تک حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔
یاد رہے کہ نائیجیریا کی شمال مغربی ریاست کدونا میں بھی کچھ عرصہ قبل ایک ایسا ہی حملہ ہوا تھا جس میں نامعلوم مسلح ملزمان نے مسجد میں گھس کر فائرنگ کردی تھی، اس واقعے میں 7 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔عینی شاہدین کے مطابق دور دراز گاؤں کی مسجد میں بڑی تعداد میں نمازی عبادت میں مصروف تھے کہ ملزمان نے پرسکون انداز میں کارروائی کی اور اطمینان سے فرار ہوگئے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں اس طرح کے حملے زیادہ تر شدت پسند اور جرائم پیشہ گروہوں کی کارروائی کا نتیجہ ہوتے ہیں، تاہم اصل محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔