ایران سے کشیدگی کے پیش نظر یو اے ای کی امریکا سے مالی مدد کی درخواست، معاشی بحران کا اندیشہ ظاہر

ایران سے کشیدگی کے پیش نظر یو اے ای کی امریکا سے مالی مدد کی درخواست، معاشی بحران کا اندیشہ ظاہر

امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات نے خطے میں جاری کشیدگی اور ممکنہ معاشی دباؤ کے پیش نظر امریکا سے مالی تعاون کے لیے رابطہ کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جاری تنازع شدت اختیار کرتا ہے تو امارات کو مالی چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس خدشے کے پیش نظر، اماراتی حکام نے ڈالر کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے امریکا کے ساتھ بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔  ذرائع کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے گورنر خالد محمد نے امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں کرنسی سواپ لائن کے ذریعے ڈالر تک رسائی کے امکانات پر غور کیا گیا۔مزید برآں، اماراتی وفد نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ سے بھی ملاقات کی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان مالی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  
رپورٹ کے مطابق، اگرچہ امارات اب تک جنگ کے بڑے معاشی اثرات سے محفوظ رہا ہے، تاہم حکام مستقبل کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات کر رہے ہیں تاکہ معیشت کو ممکنہ جھٹکوں سے بچایا جا سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ظاہر کرتا ہے کہ خلیجی ممالک خطے میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر اپنی مالی حکمت عملی کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔