ایشین گیمز میں سیاست سے بچاؤ کی اپیل، او سی اے صدر کا شریک ممالک سے مطالبہ

ایشین گیمز میں سیاست سے بچاؤ کی اپیل، او سی اے صدر کا شریک ممالک سے مطالبہ

ناگویا: اولمپک کونسل آف ایشیا (OCA) کے صدر شیخ جوعان بن حمد آل ثانی نے ایشین گیمز کے دوران تائیوان کے اسپورٹس منسٹر لی یانگ کو پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت سے روکنے کے تنازع کے بعد کہا ہے کہ کھیلوں کو سیاست اور سیاسی معاملات سے الگ رکھا جانا چاہیے۔

شیخ جوعان نے ناگویا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشین گیمز میں توجہ کا مرکز کھلاڑی ہونے چاہئیں اور تمام ایتھلیٹس کو مقابلوں میں مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق سیاست دانوں یا سیاسی معاملات کو کھیلوں میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔یہ بیان جمعے کے روز پیش آنے والے اس واقعے کے بعد سامنے آیا جس میں تائیوان کے وزیر کھیل اور سابق اولمپک بیڈمنٹن چیمپئن لی یانگ کو ایشین گیمز کی پرچم کشائی کی تقریب میں ابتدائی طور پر داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ تائیوان کے وفد نے احتجاجاً تقریب میں شرکت سے انکار کیا، جس کے باعث تقریب مقررہ وقت سے ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔ بعد ازاں لی یانگ کو تقریب میں شرکت کی اجازت دے دی گئی۔تائیوانی حکام نے اس واقعے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ لی یانگ کے پاس تقریب میں شرکت کے لیے مطلوبہ اسناد موجود تھیں۔ تائیوانی میڈیا کے مطابق ایک عہدیدار نے مبینہ طور پر او سی اے کی جانب سے لی یانگ کو روکنے کے حکم کے بارے میں وضاحت طلب کی، تاہم موقع پر ایسا کوئی تحریری حکم پیش نہیں کیا جا سکا۔ اس حوالے سے یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ ایسا باقاعدہ حکم جاری ہوا تھا یا نہیں۔

دوسری جانب او سی اے کے ڈائریکٹر جنرل حسین المسلم نے کہا کہ پرچم کشائی کی تقریب ایشین گیمز میں شریک وفود اور شرکا کے لیے تھی، حکومتی یا وزارتوں کے وفود کے لیے نہیں۔ او سی اے نے واقعے کو ایک غلط فہمی سے بھی جوڑا ہے۔لی یانگ 2020 اور 2024 کے اولمپکس میں مینز ڈبلز بیڈمنٹن کے گولڈ میڈلسٹ رہ چکے ہیں۔ تائیوان ایشین گیمز اور اولمپکس میں چائنیز تائپے کے نام سے شریک ہوتا ہے۔ادھر ایشین گیمز کے آغاز سے قبل بعض وفود کی جانب سے انتظامی معاملات، خصوصاً رہائش اور ٹرانسپورٹ سے متعلق شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ او سی اے صدر نے کہا کہ منتظمین سامنے آنے والے مسائل کو حل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔رواں ایشین گیمز میں ریکارڈ 43 کھیلوں کے مقابلے اور 469 میڈل ایونٹس شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 17 ہزار سے زائد ایتھلیٹس اور آفیشلز کی شرکت ہے۔ او سی اے کے مطابق مقابلوں کے وسیع پروگرام میں ورچوئل تائیکوانڈو کا ڈیبیو بھی شامل ہے، جبکہ بریکنگ اور ای اسپورٹس بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔