امریکی ریاست فلوریڈا میں ڈزنی اسپرنگز کے مشہور ریستوران میں ایک انوکھے انداز کی ڈکیتی نے سب کو حیران کر دیا، جہاں ڈاکو روایتی ماسک کے بجائے اسکوبا گیئر پہن کر آیا اور مبینہ طور پر تیر کر فرار ہوگیا۔
اورنج کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق یہ واقعہ ریستوران بند ہونے کے بعد پیش آیا جب وہاں صرف عملہ موجود تھا۔ ملزم نے سیاہ رنگ کے ویٹ سوٹ جیسا لباس، دستانے اور چشمہ پہنا ہوا تھا جبکہ پاؤں میں صرف موزے تھے۔رپورٹس کے مطابق ملزم نے عملے کو گھٹنوں کے بل بٹھا کر نقدی کا مطالبہ کیا اور تقریباً 10 سے 20 ہزار ڈالر تک کی رقم لوٹ لی۔ تحقیقات میں یہ بھی بتایا گیا کہ ریستوران سے نکلنے کے بعد ملزم نے یا تو اسکوبا سوٹ وہیں پھینک دیا یا کہیں چھپا دیا، جبکہ مقامی ذرائع کے مطابق وہ ریستوران تک پانی کے راستے آیا اور اسی راستے سے فرار ہوا۔
خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم اس ڈکیتی کی انوکھی تفصیلات نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ پولیس نے ریستوران کے سی سی ٹی وی فوٹیج اور مشتبہ شخص کی تصاویر جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر سینٹرل فلوریڈا کرائم لائن یا شیرف آفس سے رابطہ کرے۔