پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا اور تجزیاتی کالموں میں مودی کی خارجہ پالیسی کی ناکامی پر آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔بھارتی کالم نگار ڈاکٹر براہما چیلانی نے کہا کہ مودی نے گزشتہ چند سالوں میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور متعدد مواقع پر سعودی عرب کا دورہ کیا۔ تاہم سعودی ولی عہد نے بھارتی وزیراعظم کے جنم دن پر غیر متوقع طور پر پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ کر کے بھارت کو سفارتی سطح پر دھچکا پہنچایا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دارالحکومت ریاض میں ہونے والے اس معاہدے کے مطابق، دونوں ممالک کسی بھی ایک ملک پر حملے کو دونوں کے خلاف حملہ تصور کریں گے۔
معاہدے کا مقصد دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت خطے میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا تھا، اور اسے بھارت کے لیے ایک سفارتی دھچکے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔