سکیورٹی فورسز کا خضدار میں آپریشن ، 4 دہشتگرد ہلاک

تربت میں  کنچتی کراس کے مقام پرسیکیورٹی فورسز کے قافلے  پر  حملہ، 10 اہلکار زخمی
 بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں:محسن نقوی
راولپنڈی(آئی این پی ) سکیورٹی فورسز کے  بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک  آپریشن میں فتنۃ الہندوستان کے  4 دہشتگرد ہلاک کردئیے  گئے  اور  اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی بر آمد کرلیا گیا   ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خضدار میں آپریشن 17 ستمبرکو بھارتی سرپرست یافتہ فتنہ الہندوستان کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا جس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 بھارتی سرپرست یافتہ دہشتگردوں ہلاک ہوگئے۔  سیکورٹی  فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جب کہ ان ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا  بلوچستان میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہاکہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی  ہے۔ دریں اثناء تربت کے علاقے کنچتی کراس میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ ہوا جس دوران 10 سے زائد اہلکار زخمی ہو گئے ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق فورسز کی گاڑیاں ایم 8  قومی شاہراہ سیگودار سے تربت کی طرف جا رہی تھی ،  قافلے میں 8 سے 10 کوسٹر اور اسکواڈ کی گاڑیاں شامل تھیں ،  دھماکے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ،  ابتدائی تحقیقات کے مطابق بارود سے بھری گاڑی قافلے سے ٹکرائی تھی