سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی، ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں کو ہٹا دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ایف سی کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے، تاہم اب ان کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد مولانا فضل الرحمان کی اسلام آباد میں رہائشگاہ کے اطراف سیکیورٹی انتظامات بھی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ کی جانب جانے والی گلی کے دونوں اطراف ناکے قائم کر دیے ہیں۔

 پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے باعث گلی میں آنے جانے والے افراد کی نقل و حرکت متاثر ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق رہائشگاہ کی جانب جانے والے راستوں پر پولیس کی جانب سے نگرانی اور چیکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔تاحال مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی واپس لینے کی وجوہات اور پولیس ناکوں کے قیام سے متعلق حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔