پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ ایک خصوصی ڈی این اے ٹیسٹ کے مطابق ان کی حیاتیاتی عمر حقیقی عمر سے 13 سال کم ہے، جس پر وہ خود بھی حیران رہ گئے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ انہوں نے امریکا سے عمر کا اندازہ لگانے کے لیے ایک مخصوص ڈی این اے ٹیسٹ کروایا تھا۔ اس ٹیسٹ کے ذریعے جسم کے خلیوں کی سطح پر حیاتیاتی عمر کا جائزہ لیا گیا، جس کے نتائج میں ان کی عمر اصل عمر کے مقابلے میں 13 سال کم سامنے آئی۔گلوکار کے مطابق وہ اپنی صحت اور جسمانی فٹنس برقرار رکھنے کے لیے روزانہ مراقبہ اور ورزش کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ صحت مند خوراک اور مثبت سوچ کو بھی اپنے معمولات کا اہم حصہ بنائے ہوئے ہیں۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ ذہنی سکون اور تناؤ سے دور رہنا جسمانی صحت کے لیے اہم ہے۔ ان کے مطابق انسان کی روزمرہ عادات اور طرزِ زندگی اس کی مجموعی صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔انہوں نے اپنی صحت سے متعلق ایک اور تجربہ بھی شیئر کیا اور بتایا کہ ایک وقت میں ان کے کولیسٹرول کی سطح بڑھ گئی تھی، تاہم انہوں نے اپنی خوراک اور طرزِ زندگی میں تبدیلیاں کیں، جس کے بعد تقریباً 40 روز میں کولیسٹرول کی سطح کم ہوگئی۔