لاہور( کرائم رپورٹر )ڈاکٹر یاسمین راشد کیخلاف عسکری ٹاور حملہ سمیت دومقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پرسماعت ملتوی ہوگئی۔لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل رانا مدثر عمرنے دلائل کیلئے پیش ہوئے ۔پراسکیوشن نے مقدمات کا ریکارڈ پیش نہیں کیا جس پرعدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پراسکیوشن کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا۔انسداد دہشت گری عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی،جناح ہاوس کے قریب پولیس کی گاڑی جلانے کے کیس میں ضمانت پر سماعت 21 نومبراورعسکری ٹاور حملہ کیس میں ضمانت پر سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی ،عدالت نے مقدمہ نمبر 108/23 میں ضمانت پر سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی جبکہ آئندہ سماعت پر مقدمہ نمبر 108/24 میں ضمانت پر فیصلہ ہو جائے گا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے عسکری ٹاور حملہ سمیت دو مقدمات میں ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔