کچرا اور فصلوں کی باقیات جلانے سے گریز ، گاڑیوں کی بروقت ٹیوننگ ،غیر ضروری سفر محدود رکھیں:سینئر وزیر مریم اورنگزیب
لاہور(کرائم رپورٹر)شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں اضافہ برقرار ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس 264 ریکارڈ کیا گیا، آلودگی پر قابو پانے کے لیے ہائی اے کیو آئی والے علاقوں میں سموگ گنز کے ذریعے آپریشن جاری ہے۔متاثرہ علاقوں میں سموگ کے اثرات کم کرنے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے، جبکہ آلودگی کے ذرائع کی نگرانی اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔حکام کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے لیے جدید آلات اور سائنسی بنیادوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو یکجا کیا گیا ہے۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سموگ کے تدارک کے لیے کچرا اور فصلوں کی باقیات جلانے سے گریز کریں، گاڑیوں کی بروقت ٹیوننگ کروائیں اور غیر ضروری سفر محدود رکھیں۔مریم اورنگزیب نے شہریوں کو گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفکیشن کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے 30 دسمبر آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔