ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد رکھنے والے مستقل رہائشی کو رکن پنچایت مقرر کرے گا،پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سب سے بڑی سماجی تبدیلی ، انصاف عوام کی دہلیز پر ہوگا اور عوام کے فیصلے اب عوام ہی کریں گے:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
لاہور(سپیشل رپورٹر) صلح صفائی کی صدیوں پرانی روایات کے احیا کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں ’’پنچائیت‘‘ نظام کی اصولی منظوری دے دی۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سب سے بڑی سماجی تبدیلی رونما ہوگی، انصاف عوام کی دہلیز پر ہوگا اور عوام کے فیصلے اب عوام ہی کریں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پنچائیت کے قیام کے لیے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچائیت کمیٹیاں بنیں گی۔ پنچائیت کمیٹی تنازعات کو فریقین کی باہمی رضامندی سے حل کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد رکھنے والے مستقل رہائشی کو رکن پنچائیت مقرر کرے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنچائیت کے ارکان کا انتخاب نیک نامی، غیر جانبداری اور دانشمندی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ خواتین، اقلیتیں، غرباں اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف کی رسائی آسان ہوگی۔ پنچائیت کا نظام قانونی، انصاف اور غیر جانبداری کی مقررہ قانونی حدود کے اندر کام کرنے کا پابند ہوگا۔پنچائیتی نظام کے ساتھ ساتھ عدالتی دائرہ ا ختیار اور فرد کے عدالتی تحفظ کے حصول کے حق کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔ پنچائیت میں نمبردار، اساتذہ، ریٹائرڈ جج، ریٹائرڈ آرمی آفیسر، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معززین رکن ہوں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنچائیت پروگرام کے لیے رولز، پالیسی گائیڈ لائن اور ضوابط کا جامع پلان طلب کر لیا۔ انہوں نے پنچائیت کے اختیارات کے تعین کے لیے واضح قواعد و ضوابط متعین کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔