قیمتی مشورے دیئے، ایسے پروگرامز بہت اہم ہیں،قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کی گفتگو
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کیپیٹل اسمارٹ سٹی میں قائم اسمارٹ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گیانا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں سے اپنے شاندار کرکٹ کیریئر کے تجربات اور قیمتی مشاہدات شیئر کیئے۔دورے کے دوران انضمام الحق نے مہمان کھلاڑیوں سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس موقع پر انضمام الحق نے کہاکہ کرکٹ کی ترقی کے لیے ایسے پروگرامز بہت اہم ہیں کیونکہ ان کے ذریعے کھلاڑی مختلف تجربات سے سیکھتے ہیں، مختلف کھیلنے کے حالات کو سمجھتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں میں مزید بہتری لاتے ہیں۔لاہور قلندرز کی جانب سے مختلف ممالک کے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہنا اور انہیں پروفیشنل ماحول میں تربیت کے مواقع فراہم کرنا ایک بہترین اقدام ہے۔ لاہور قلندرز گزشتہ 10 سال سے یہ کام کر رہا ہے، جو قابلِ تعریف ہے۔ گیانا کے کھلاڑی یہاں آئے ہیں اور اسی طرح ہمارے کھلاڑی بھی گیانا جائیں گے۔