پاکستان ،چین کا قانون نافذ کرنے والے اداروں میں رابطے بڑھانے پر اتفاق

 سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان سکھانے کیلئے  انسٹرکٹرز جلد آئیں گے:محسن نقوی اور طلال چودھری کی چینی سفیر سے ملاقات میں فیصلہ
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور چین نے  سٹریٹجک شراکت داری، سکیورٹی تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان معاونت بڑھانے پر اتفاق  کیا ہے۔یہ اتفاق رائے   اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ  کی  ملاقات  میں طے پایا۔ملاقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی رابطہ کاری کو فعال اور موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان سکھانے کے لئے  چینی انسٹرکٹرز جلد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چین کی طرز پر اسلام آباد میں قائم کیے جانے والے لا انفورسمنٹ سینٹر کے قیام میں ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔