ان کا خط پوری پبلک میں چلا گیا ہے، ان کے اپنے مسائل ہیں: چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کے 190 ملین پائو نڈ کیس میں عمران خان کے خط پر ریمارکس
عمران خان او ر بشری بی بی کی سزائو ں کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت 7 روز کیلئے ملتوی ‘ بشری بی بی کو جیل میں ہرقسم کی ممکنہ سہولیات دینے کا حکم
اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پائو نڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سزائو ں کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت 7 روز کے لئے ملتوی کردی، دورانِ سماعت چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں اور ہمارے لیے انتہائی قابلِ احترام ہیں، تاہم ان کے اپنے مسائل ہیں اور ان کا خط پوری پبلک میں چلا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بنچ نے 190 ملین پائونڈ کے مقدمے میں سزائوں کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کی، دلائل کے آغاز کے بعد وکیلِ صفائی بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے اپیلوں پر مزید تفصیلی تیاری کے لئے وقت فراہم کرنے کی استدعا کی، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے وکلا کی اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر کو تیاری کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پائو نڈ کے مقدمے میں سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت کے دوران بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی جانب سے جیل میں پیش آنے والی طبی مشکلات اور سیکیورٹی خدشات کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ جیل حکام کو ضروری احکامات جاری کر دیئے۔عدالت نے بشری بی بی کی صحت اور سیکیورٹی سے متعلق خدشات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ بشری بی بی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، ان کی صحت سے متعلق تمام معاملات پر فوری اور مناسب اقدامات کیے جائیں گے اور جیل رولز کے مطابق انہیں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، بشری بی بی کے سیل کی صفائی ستھرائی کا مکمل اور احسن طریقہ سے خیال رکھا جائے اور ان کی صحت کا باقاعدہ معائنہ کرنے کے لیے ایک خصوصی ڈاکٹر فراہم کیا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرناپڑے۔