وفاقی وزارت مذہبی امور نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں یکساں نظام صلوٰۃ کے نفاذ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں۔
اس فیصلے کے تحت دونوں شہروں کی تمام مساجد میں ایک ہی وقت پر اذان دی جائے گی اور باجماعت نماز ادا کی جائے گی۔جلد ہی اس کا شیڈول اور اذان و نماز کے لیے ایک کیلنڈر جاری کیا جائے گا، جس میں نماز جمعہ کے خطبات کے موضوعات کا بھی تعین کیا جائے گا۔ علمائے کرام نے اس ضمن میں اتفاق کیا ہے کہ خطبات جمعہ اتحاد امت، اصلاح معاشرہ اور نوجوان نسل کی رہنمائی کے موضوعات پر ہوں گے۔اس کے علاوہ، مساجد کے انتظامات، سکیورٹی اور دیگر امور کے حوالے سے مشترکہ سفارشات بھی تیار کی جائیں گی، جن پر عملدرآمد کی نگرانی وزارت مذہبی امور کرے گی۔ نظام صلوٰۃ کو مزید موثر بنانے کے لیے قانون سازی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔اس اقدام کا مقصد ملک کے جڑواں شہروں میں نماز کے اوقات میں ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینا ہے، تاکہ مسلمان ایک ہی وقت پر نماز ادا کریں اور معاشرتی ہم آہنگی کو تقویت ملے۔