بہاولپور :کالعدم ٹی ایل پی کے ٹکٹ ہولڈرز ، رہنماؤں کااعلان لاتعلقی

 ضمیر،ایمان اور پاکستان سے وفاداری کے باعث اعلان کر رہے :محمد نعیم و دیگر
 اپنی فوج او رریاست کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے:پریس کانفرنس سے خطاب
 بہاولپور(خصوصی رپورٹ)کالعدم تحریک لبیک پاکستان بہاولپور ڈویڑن کے ٹکٹ ہولڈرز اور رہنماؤں نے جماعت سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا۔ سابق ٹکٹ ہولڈر و رہنما محمد نعیم، محمد اظہر ،محمد اختر وٹو، رانا شاہد اکرم، محمد عمران سعیدی، احمد محمود، راشد رفیق، محمد عباس ، ڈاکٹر حسن محمود چشتی،قاری عبداللطیف قادری اور سید محبوب شاہ نے بہاولپور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان سے علیحدگی کا اعلان اپنے ضمیر،ایمان اور پاکستان سے وفاداری کے باعث کر رہے ہیں ، ہم اپنے وطن کی حفاظت اور مضبوطی کیلئے ہر قربانی دیں گے،پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص میں دشمن کو ناکوں چنے چبوائے،اس شکست کی ہزیمت کو چھپانے کیلئے دشمن نے ملک میں خلفشار کو ہوا دینا شروع کر رکھا ہے،کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج نے دشمن قوتوں کو تقویت پہنچائی۔انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی نے نبی پاک ?کی حرمت کو سیاسی نعرے کے طور پر استعمال کیا ،ہم اس سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی فوج او ریاست کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔