جڑواں شہروں میں یکساں اوقات اذان و نماز کیلئے مشترکہ شیڈول پر اتفاق، ضروری قانون سازی کی جائے گی

 ملک میں نظام صلوٰۃ نافذ کرنیکا فیصلہ 
خطباتِ جمعہ کے لئے ایسے موضوعات کی فہرست تیار کی جائے گی جو اتحادِ امت، اصلاحِ معاشرہ، نوجوان نسل کی رہنمائی اور اخوت و برداشت کے فروغ پر مبنی ہو ، مشترکہ سفارشات جلد مرتب کی جائیں گی 
 اسلام آباد (بیورو رپورٹ،خصوصی رپورٹ )وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی زیرصدارت اجلاس میں نظام صلوۃ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے ضروری قانون سازی کی جائیگی کم وبیش آٹھ سال بعد اس حوالے سے ایک مستقل کمیٹی بنائی جائے گی، جو نظام صلوۃ کے نفاذ، عملدرآمد اور رابطہ کاری کی نگرانی کریگی ،اجلاس میں اسلام آباد ،راولپنڈی کے ممتاز علمائے کرام، مشائخ، خطباء ، وفاقی وزراء اور سیکر ٹر یز، تاجر نمائندوں اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔اجلاس میں اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد ،راولپنڈی میں یکساں اوقاتِ اذان و نماز کے نفاذ کے لئے باہمی مشاورت سے ایک مشترکہ شیڈول مرتب کیا جائیگا ،خطباتِ جمعہ کے لئے ایسے موضوعات کی فہرست تیار کی جائے گی جو اتحادِ امت، اصلاحِ معاشرہ، نوجوان نسل کی رہنمائی اور اخوت و برداشت کے فروغ پر مبنی ہو ،مساجد کے نظم و نسق، اخلاقی ضابطوں، سکیورٹی ، صفائی اور انتظامی امور میں بہتری کے لئے مشترکہ سفارشات جلد مرتب کی جائیں گی۔