کوئٹہ سے اسلام آباد کا ہوائی جہاز کرایہ 75 ہزار سے بڑھ گیا

 اس سے پہلے  عوام  ایئرپورٹ کو آگ لگادیں، وفاقی حکومت کرایوں میں کمی  کا سوچے:سرفراربگٹی
 بلوچستان اسمبلی میں فضائی کرایوں میں غیرمعمولی اضافے کے حوالے سے  قرارداد پیش  کردی گئی
 کوئٹہ(آئی این پی ) کوئٹہ سے اسلام آباد کا کرایہ 75ہزار سے زائد ہوگیا، جس پر وزیراعلی سرفرازبگٹی نے بلوچستان کے فضائی سفر  کیلئے  ٹکٹ سستے کرنے کا مطالبہ کردیا۔تفصیل کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں فضائی کرایوں میں غیرمعمولی اضافے کے حوالے سے ایک قرارداد پیش کی گئی، جس میں شہریوں کی مشکلات اور ایئرلائنز کی خدمات کی ناقص صورتحال پر روشنی ڈالی گئی۔رکن صوبائی اسمبلی شاہدہ رئوف نے کہا کہ سہولتیں فراہم کرنے کے بجائے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور کوئٹہ سے اسلام آباد کیلئے  کرایہ 75 ہزار روپے سے زائد ہو چکا ہے جبکہ کراچی سے اسلام آباد کرایہ 15 سے 20 ہزار روپے کے درمیان ہے۔وزیراعلی سرفرازبگٹی نے بلوچستان کے فضائی سفر کیلئے  ٹکٹ سستے کرنے کا مطالبہ کردیا ، اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا اس سے پہلے کہ عوام جا کر ایئرپورٹ کا گھیرائو کر کے آگ لگادیں، وفاقی حکومت فضائی کرایوں میں کمی کیلئے  سنجیدگی سے سوچے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام فضائی کرایوں میں اضافے سے شدید پریشان ہیں، سنجیدگی سے اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں