بچوں کو سڑکوں پر کتوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا ‘ متعلقہ محکمے اگلی سماعت پر اپنی تفصیلی رپورٹس جمع کرائیں:جسٹس خالد اسحاق
لاہور ( آئی این پی )لاہور کے میو ہسپتال میں14 ماہ کے دوران کتے کے کاٹنے سے متاثرہ 1700 سے زائد افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی یہ بات ہسپتال کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتائی گئی ہے رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے حادثات و ایمرجنسی وارڈ نے 24 ستمبر 2024 سے اب تک کتے کے کاٹنے کے واقعات میں زخمی ہونے والے 1796 مریضوں کا علاج کیا جن میں بچے بھی شامل تھے‘یہ رپورٹ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائے ڈی اے) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سلمان کاظمی کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کے دوران پیش کی گئی۔جسٹس خالد اسحاق نے کتے کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ جج نے جانوروں کے حقوق تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو سڑکوں پر کتوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا انہوں نے متعلقہ محکموں کو اگلی سماعت پر اپنی تفصیلی رپورٹس جمع کرانے کا حکم دیا۔