وزیر اعلی علی امین گنڈاپور اور دوسرے رہنمائوں کی موجودگی میں ہمارا راستہ الجہاد الجہاد کے نعرے لگائے گئے‘ اجلاس کے دوران وزیر اعلی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق نعرے لگائے
احتجاج سے متعلق اجلاسوں میں 10 ارکان اسمبلی کی عدم شرکت‘ میٹنگ میں جانا ضروری نہیں بلکہ احتجاج کیلئے ورکرز کو نکالنا اہم ہے:عاطف خان‘اسلام آباد جائیں گے:جنید اکبر
پشاور(آئی ین پی )وزیر اعلی ہائوس پشاور میں پی ٹی آئی کے 24 نومبر کو احتجاج کے لئے وزیراعلی علی امین گنڈا پور کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں’’ الجہاد الجہاد‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ گزشتہ روز اجلاس میں وزیر اعلی علی امین گنڈاپور و دیگر قیادت کی موجودگی میں ہمارا راستہ الجہاد الجہاد کے نعرے لگائے گئے۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق نعرے لگائے۔ احتجاج سے متعلق اجلاسوں میں 10 اراکین نے شرکت نہیں کی۔میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے پی ٹی آئی رہنما عاطف خان اور جنید اکبر سمیت 5 ایم این ایز نے کسی بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی جبکہ مالاکنڈ سے رکن صوبائی اسمبلی شکیل خان سمیت مردان، سوات، نوشہرہ اور صوابی سے تعلق رکھنے والے 4 ایم پی ایز نے بھی اجلاسوں میں شرکت نہیں کی۔ رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے کہا کہ اجلاس میں شرکت کے لیے میسج ملا ہوگا، نہیں دیکھا لیکن میٹنگ میں جانا ضروری نہیں بلکہ احتجاج کیلئے ورکرز کو نکالنا اہم ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عاطف خان کا کہنا تھا کہ مردان میں ہوں، مجھے پیسوں کی ضرورت نہیں، احتجاج کے اخراجات خود اٹھائوں گا اور ہر صورت اسلام آباد جائیں گے۔دوسری جانب پارٹی رہنما جنید اکبر نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو بانی پی ٹی آئی نے چنا ہے، ان کے ساتھ ہیں، اجلاس میں شرکت ضروری نہیں، پارٹی سے جڑے ہیں، اسلام آباد ضرور جائیں گے۔دریں اثنا ء وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پورکا کہنا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے دی گئی 24نومبر کی کال فائنل اور فیصلہ کن ہے،، تمام مطالبات کی منظوری تک یہ احتجاج جاری رہے گا، احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے پورا زور لگائیں گے اورچاہے کچھ بھی ہو پیچھے نہیں ہٹیں گے‘ کال بانی پی ٹی آئی عمران خان نے خود دی ہے، یہ فائنل اور فیصلہ کن کال ہے ہم سب کو اس دن ہر صورت گھروں سے نکلنا ہوگا اور اپنے لیڈر کی رہائی کیلئے آواز بلند کرنا ہوگی۔ اب ہماری جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ ہم کسی صورت اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ہماری جدوجہد اصولوں کے مطابق جاری رہے گی۔ اس حکومت کی فسطائیت کیخلاف عوام 24نومبر کو ہر صورت اپنے گھروں سے نکلیں گے اور اپنے مطالبات کی منظوری تک ہم اپنا احتجاج ختم نہیں کریں گے۔