نوجوان کو مبینہ اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا

علاقہ 2ڈی سے دو روز قبل لاپتہ ہونیوالے زاہد کی لاش کھیتوں سے مل گئی
اوکاڑہ(خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ کے تھانہ ڈھلیانہ کے علاقہ 2 ڈی میں نوجوان کو مبینہ اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا، لاش کھیتوں سے مل گئی۔ ڈی پی او اوکاڑہ نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ ایف آئی آر کے مطابق محمد ارشاد کا 28 سالہ بیٹا زاہد علی دو روز قبل کسی نامعلوم کال آنے پر گھر سے گیا ،تاہم واپس نہ آیا، جس پر اس کے والد نے تھانہ ڈھلیانہ میں اغوا کا مقدمہ درج کرا یا۔ پولیس نے نوجوان کی بازیابی کیلئے سائنسی بنیادوں پر تفتیش شروع کر رکھی تھی کہ گزشتہ روز دیہاتیوں نے فصلوں میں مغوی زاہد علی کی لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی۔ پولیس کے مطابق پوسٹمارٹم رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے نامعلوم ملزموں کو ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے گا۔ ایس ایچ او نوید نذیر کا کہنا ہے کہ ملزموں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔