کراچی: عدلیہ سیکیورٹی پولیس یونٹ میں ایندھن بحران

کراچی: عدلیہ سیکیورٹی پولیس یونٹ میں ایندھن بحران

کراچی میں عدلیہ کی سیکیورٹی پر مامور پولیس یونٹ ایندھن بحران کا شکار ہوگیا ہے جس کے باعث عدالتوں کی سیکیورٹی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس یونٹ ون کراچی کا پیٹرول بجٹ مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے جبکہ پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) نے واجبات کی عدم ادائیگی پر فیول سپلائی بھی بند کر دی ہے۔ اس صورتحال کے باعث سپریم کورٹ، سندھ ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کی سیکیورٹی متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی یونٹ ون کے ذمے پی ایس او کے 3 کروڑ 77 لاکھ روپے سے زائد واجبات ہیں۔ فیول کی بندش کے بعد پولیس گاڑیوں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے، جس سے عدالتی عملے، ججز اور احاطہ عدالت کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ایس ایس پی سیکیورٹی ون نے صورتحال سے حکومت سندھ کو آگاہ کر دیا ہے جبکہ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ بھی مختلف سرکاری محکموں سے رابطے میں ہیں تاکہ ہنگامی بنیادوں پر مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے اضافی فنڈز کی منظوری کے لیے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کر دی گئی ہے، تاہم ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

 اس دوران پولیس حکام نے فوری فنڈز کے اجرا اور فیول سپلائی کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ یونٹ میں 10 اپریل سے فیول بحران شروع ہوا تھا جبکہ 3 مئی سے مکمل سپلائی بند ہے۔ بحران کے دوران اب تک صرف جزوی ادائیگی کی گئی ہے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔حکام کے مطابق عدالتی نظام اور ججز کی فول پروف سیکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔