الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے نئی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی )الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے نئی حلقہ بندیوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہ  جس کے بعد ریاست میں انتخابی حلقہ بندیوں کا نیا نظام نافذ العمل ہو گیا  ۔ نوٹیفکیشن سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کے دستخط سے جاری کیا گیا جس کے مطابق آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تفصیل کے مطابق مجموعی طور پر 45 انتخابی حلقے برقرار رکھے گئے ہیں، ضلع وار تقسیم کے مطابق میرپور میں 4، بھمبر میں 3، کوٹلی میں 6، باغ میں 4، پونچھ اور سدھنوتی میں مجموعی طور پر 7، نیلم میں 2 جبکہ مظفرآباد میں 7 انتخابی حلقے قائم کیے گئے ہیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں مہاجرین کے لیے 6 اور کشمیر ویلی مہاجرین کے لیے بھی 6 مخصوص نشستیں برقرار رکھی گئی ہیں۔