کشمیر تنازع پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا خطرہ بڑھا رہا ہے:برطانوی پارلیمنٹ

 کشمیر تنازع پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کا خطرہ بڑھا رہا ہے:برطانوی پارلیمنٹ

لندن: برطانوی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کی نئی رپورٹ میں کشمیر تنازع پر تشویش، ایٹمی جنگ کے امکانات سے خبردار

برطانوی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے جنوبی ایشیا کے حوالے سے اپنی تازہ رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان فوری اور بامقصد مذاکرات شروع نہ کیے گئے تو کشمیر کا تنازع ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خطے میں کشیدگی اور انسانی حقوق کی پامالی کی وجہ سے امن کا خطرہ بہت بڑھ چکا ہے۔رپورٹ میں بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری علاقے کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت کی طرف سے ایک مشتبہ واقعے کو پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کا جواز بنانے کو خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ عمل قرار دیا گیا ہے۔کمیٹی نے برطانیہ کی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئی دہلی اور اسلام آباد دونوں پر سفارتی دباؤ بڑھائے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے اور فوری مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کو خطے میں انسانی حقوق کی نگرانی کو مضبوط کرنا چاہیے اور دونوں ملکوں کو بین الاقوامی مبصرین کی مقبوضہ کشمیر تک رسائی کی اجازت دینی چاہیے۔رپورٹ میں یہ بھی نوٹ کیا گیا ہے کہ بھارت میں جمہوری آزادیوں پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں، صحافت کو دباؤ میں رکھا جا رہا ہے اور سیاسی آزادیوں کو محدود کیا جا رہا ہے۔ اس کے برعکس، پاکستان نے کشیدگی کے باوجود بین الاقوامی قانون اور تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔کمیٹی نے زور دیا ہے کہ برطانیہ کو اپنے تاریخی تعلقات اور سفارتی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے کام کرنا چاہیے اور جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے احترام پر مبنی متوازن پالیسی اپنانی چاہیے۔