واشنگٹن پوسٹ کا پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر اداریہ: دونوں ایٹمی طاقتیں مذاکرات کریں

واشنگٹن پوسٹ کا پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر اداریہ: دونوں ایٹمی طاقتیں مذاکرات کریں

واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنے اداریے میں پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے اقدام کو سراہا اور کہا ہے کہ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت کو جواب دینے اور نقصان پہنچانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔

 اخبار نے اس بات پر زور دیا کہ اگر پاکستان اور بھارت، جو دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، آپس میں بات چیت نہیں کرتے تو یہ صورتحال بہت خطرناک ہو سکتی ہے۔اداریے میں مزید کہا گیا ہے کہ 1971 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب بھارت نے پنجاب میں حملہ کیا، جس کے بعد پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے کئی لڑاکا طیارے اس کی حدود میں ہی مار گرائے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق، یہ اقدام پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور ڈیٹرنس کا واضح اظہار ہے۔اخبار نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی کوششیں کر رہے ہیں اور انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دونوں ممالک کو مذاکرات اور تحمل کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

اداریے میں ایک اور اہم تجویز یہ دی گئی ہے کہ دونوں ممالک کو فتح کا دعویٰ کیے بغیر بحران سے نکلنے کی راہ تلاش کرنی چاہیے۔ اس حوالے سے چین جیسے دوست ممالک پاکستان کو سفارتی بیانیہ بنانے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔اخبار نے یہ بھی مشورہ دیا کہ بھارت پہلگام حملے کے بعد معطل کیا گیا سندھ طاس معاہدہ بحال کر سکتا ہے اور جواب میں پاکستان بھی مثبت اقدامات اٹھا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کو سفارتی اور عسکری بیک چینل رابطے دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔