بھارت آئندہ ایسی کوئی جنگ نہ مسلط کرے گا نہ سوچے گا،کامران ٹیسوری کی میڈیاسے گفتگو
حیدرآباد(آئی این پی ) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاہے کہ ہمارے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دشمن کو تھپڑ رسید کیا جو دنیا نے دیکھا ہے۔میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پی اے ایف کے پائلٹس نے دن کی روشنی میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا، امید ہے بھارت آئندہ ایسی کوئی جنگ نہ مسلط کرے گا نہ سوچے گا۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ خطے میں عدم توازن کو ہمارے جوانوں نے ختم کیا، پوری قوم جشن منا رہی ہے خطے میں پاکستانی پاسپورٹ اور پاکستانیوں کی عزت میں کئی سو گنا اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی انتہا پسند ہندو ہے اور اسرائیلی وزیر اعظم کی سوچ والا شخص ہے، ہمیں نظر رکھنی ہوگی کہ کیا یہ مودی کا پہلا اور آخری حملہ تھا، اس نے یہ حملہ بیٹھے بٹھائے نہیں کیا اس کے پیچھے لمبی سوچ ہے، اس کے حملے کے تانے بانے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی سے ملتے ہیں لیکن دہشتگردوں کو بتانا چاہتا ہوں پاک افواج نے تمہارے آقائوں کے دانت کھٹے کر دیے اب تمہاری باری ہے۔