لبنانی تنظیم حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرنے کیلئے امریکا نے شام کی حکومت سے مدد طلب کرلی، خبر ایجنسی

لبنانی تنظیم حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرنے کیلئے امریکا نے شام کی حکومت سے مدد طلب کرلی، خبر ایجنسی

لبنان  تنظیم حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے امریکا نے شام کی حکومت سے تعاون طلب کر لیا ہے، جس کے تحت شام سے کہا گیا ہے کہ وہ لبنان میں حزب اللّٰہ کی فوجی صلاحیتوں پر اثر انداز ہونے میں مدد کرے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام نے اس معاملے میں لبنان کی حکومت سے مشاورت شروع کر دی ہے اور لبنان کی سرحد پر اپنے ہزاروں فوجی تعینات کر دیے ہیں۔ شامی افواج کے ترجمان کے مطابق یہ تعیناتی دفاعی نوعیت کی ہے اور اس کا مقصد سرحدی کنٹرول اور استحکام کو یقینی بنانا ہے۔شام کی حکومت اور افواج لبنان کی فوج کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ کارروائی یا مداخلت کا فیصلہ حالات اور خود مختاری کے مطابق کیا جا سکے۔ امریکی اور شامی حکام کے درمیان اس معاملے میں مذاکرات جاری ہیں تاکہ حزب اللّٰہ کی فوجی سرگرمیوں کو محدود یا کنٹرول کیا جا سکے، تاہم ابھی تک کوئی عملی کارروائی شروع نہیں ہوئی۔اس پیش رفت کے نتیجے میں خطے میں سکیورٹی اور سیاسی حساسیت میں اضافہ ہوا ہے، کیونکہ حزب اللّٰہ لبنان میں ایک مؤثر مسلح قوت کے طور پر موجود ہے اور اس کے خلاف اقدامات ممکنہ کشیدگی پیدا کر سکتے ہیں۔