پوپ فرانسس نے اسپتال سے جاری پیغام میں عالمی تنازعات کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ دنیا کو امن کی طرف پیش قدمی کرنی چاہیے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دنیا بیماریوں اور دیگر چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ جنگ صرف تباہی برپا کرتی ہے اور انسانوں کے لیے مزید مشکلات کا سبب بنتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تنازعات کا حل تلاش کرنا وقت کی ضرورت ہے۔پوپ فرانسس نے صحافت کی اہمیت بھی اجاگر کی، اور کہا کہ صحافیوں کے الفاظ صرف الفاظ نہیں ہوتے، بلکہ وہ حقیقت پر مبنی ہوتے ہیں اور وہ انسانیت کے لیے ایک ماحول تشکیل دیتے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ وہ ذمہ داری کے ساتھ خبر دیں اور تنازعات کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔اس وقت 88 سالہ پوپ فرانسس اٹلی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں اور وہ ڈبل نمونیا سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ان کی حالت پہلے نسبتاً نازک تھی، تاہم اب ان کی صحت میں بہتری آ رہی ہے۔