باغبانپورہ میں تیز رفتار ٹرک کی زد میں آ کر 8 سالہ بچہ حارث ولد سہیل عمر موقع پر دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک نے ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بچے کو کچل دیا۔ بچہ زخمی حالت میں فوراً موقع پر گر گیا اور اس کی جان بچانے کی کوششیں ناکام ہو گئیں۔مقامی افراد کے مطابق یہ حادثہ بسوں کے موڑ پر پیش آیا، جہاں ون وے کی خلاف ورزی کے نتیجے میں اکثر ایسے حادثات ہوتے ہیں۔ علاقے کے مکینوں نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کیا اور الزام عائد کیا کہ ٹریفک پولیس ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کرتی، جس کی وجہ سے یہ حادثات روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔
مظاہرین نے بتایا کہ اس سڑک پر ابھی تک تین افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں، اور اگر پولیس کی طرف سے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مناسب اقدامات نہیں کیے گئے تو مزید جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ پولیس نے بچے کی لاش قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا اور ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ شواہد اکٹھے کرنے کے بعد قانونی کارروائی جاری ہے۔