خاتون کی پہلی دفعہ رجسٹریشن پر2 ہزار‘ پیدائش کے بعد 15دن کے اندر معائنے پر2ہزار ، برتھ سرٹیفکیٹ کے اندارج پر 5ہزار دیئے جائیں گے
نومولودبچے کو حفاظتی ٹیکے لگوانے پر ہر بار 2ہزارروپے دیئے جائیں گے، خواتین کی رہنمائی کیلئے ٹال فری نمبر1221 جاری کردیا گیا
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے تحت اپنی نوعیت کے پہلے اور منفرد’’ آغوش ‘‘پروگرام کاباقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر دو سال سے کم عمربچوں کی مائوں اور حاملہ خواتین کو’’ آغوش‘‘ پروگرام کے تحت 23ہزار روپے ملیں گے ۔ پہلے مرحلے میں 13اضلاع’’ آغوش‘‘ پروگرام کے تحت نومولود بچوں کی مائوں اور حاملہ خواتین کوامداد ی رقم ملے گی۔ ’’ آغوش‘‘ پروگرام کا آغاز ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ ،کوٹ ادو ،بہاولپور، رحیم یارخان، بہاؤلنگر، بھکر، میانوالی، خوشاب اور لودھراں سے کیا جارہا ہے۔ حاملہ خاتون کی پہلی دفعہ مراکز صحت/ مریم ہیلتھ کلینک میں رجسٹریشن پر2 ہزارروپے دیئے جائیں گے۔ حاملہ خاتون کوبچے کی پیدائش تک متواتر طبی معائنہ کے لئے وزٹ پر امدادی رقم دی جائے گی۔ مراکز صحت سے مفت طبی معائنہ کے بعد ’’آغوش‘‘ پروگرام کے کیش ایجنٹ سے امدادی رقم حاصل کی جا سکے گی۔ حاملہ خواتین کو ہر بارمراکز صحت وزٹ پر1500 روپے ملیں گے جبکہ ٹوٹل 6ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ ’’آغوش ‘‘پروگرام کے تحت مرکز صحت پر بچے کی پیدائش پر4ہزارروپے کاتحفہ ملے گا۔ پیدائش کے بعد 15دن کے اندر پہلے طبی معائنے پر2ہزار روپے ملیں گے۔ پیدائشی سرٹیفکیٹ کا مرکز صحت میں اندارج کروانے پر 5ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ ’’آغوش‘‘ پروگرام کے تحت نومولود بچے کو حفاظتی ٹیکے لگوانے پر 4ہزار روپے ہر بار 2ہزارروپے دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر خواتین کی رہنمائی اور معلومات کے لئے خصوصی ٹال فری نمبر 1221 بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ صحت اور علاج ہر ماں اور بچے کا بنیادی حق ہے حکومت اپنا فرض ادا کرے گی۔ ہسپتالوں میں مائوں اور بچوں کو بیماری کی حالت میں دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے۔سرکاری وسائل پرپسماندہ اور دوردراز علاقوں کے عوام کا پورا پورا حق ہے