ملک نے معاشی استحکام سے معاشی ترقی کی جانب سفر شروع کردیا وزیر خزانہ

کچھ عرصہ پہلے جی ڈی پی مائنس تھی اب 3۔7تک پہنچ چکی ‘ تین ماہ کی جنگ کی صورتحال سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا:سینٹ میں خطاب
اسلام آ باد(آن لائن) ایوان بالا کو وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر محمد اورنگزیب نے بتایا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ٹیکسوں میں ریلیف دیا گیا ہے ۔ ملک نے معاشی استحکام سے معاشی ترقی کی جانب سفر شروع کردیا ہے ۔جمعرات کو ایوان بالا میں بجٹ پر بحث کو سمیٹتے ہوئے  وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ اس سال ترسیلات زر 41ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ سینیٹ کی کمیٹی میں بجٹ میں ٹیکسیشن پر بھرپور بحث کی گئی ہے اور مختلف سٹیک ہولڈرز سے سفارشات لی گئیں۔انہوں نے کہاکہ بجٹ میں بھرپور کوشش کی ہے کہ معاشی استحکام سے معاشی ترقی کا سفر تیز کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ کچھ عرصہ پہلے ہماری جی ڈی پی مائنس تھی مگر اب 3۔7تک پہنچ چکی ہے ۔انہوںنے کہاکہ گذشتہ تین مہینوں کی جنگ کی صورتحال کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انہوںنے کہاکہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور ٹیکس ادا کرنے والے دیگر طبقوں کو سہولیات فراہم کی ہیں ۔برآمدکنندگان پر ٹیکس کو ختم کردیا گیا ہے اور 50کروڑ سے زائد آمدن والے پر سپر ٹیکس 8فیصد کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تعمیراتی شعبے جس کے ساتھ 40 شعبے جڑے ہوئے ہیں اس پر ٹیکسیشن کم کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئی ٹی سیکٹر پر فکسڈ ٹیکس کو برقرار رکھا ہے اور امید ہے کہ یہ شعبہ 4۔5ارب ڈالر تک چلا جائے گا