کاروباری اصلاحات سے معاشی ترقی کی رفتار تیز کی جا سکتی ہے: وزیر خزانہ

برآمدات کو ملکی معاشی ترقی کی حکمت عملی میں مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہئے:لاہور چیمبر سے خطاب
لاہور (کامرس رپورٹر)  وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر سے ملاقات میں کہا ہے  پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ، نجی شعبے کی مؤثر شمولیت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو مالی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔حکومت پائیدار معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے، مقابلہ کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے اور برآمدات کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ برآمدات کو ملکی معاشی ترقی کی حکمت عملی میں مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے اور ایسی پالیسیاں تشکیل دینا ضروری ہیں جو پاکستانی برآمد کنندگان کو علاقائی اور عالمی منڈیوں میں بہتر مقابلے کے قابل بنا سکیں۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایس ایم ایز سمیت کاروباری شعبے کے مسائل کا ازالہ ضروری ہے تاکہ حکومتی پالیسیاں سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت، روزگار کے مواقع اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر نے ایس ایم ایز کے فروغ، مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے حوالے سے لاہور چیمبر کی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار دوست ماحول، پالیسیوں میں تسلسل و پیش بینی، جدید ٹیکنالوجی کا فروغ اور برآمدات میں اضافہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں