ویب ڈیسک: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقی، اصلاحات اور عوامی فلاح و بہبود کا نیا دور شروع ہو چکا ہے، جس کی عملی مثال "کلینک آن ویلز" جیسا منصوبہ ہے، جس سے اب تک 92 لاکھ سے زائد شہری مستفید ہو چکے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم سمیت تمام اہم شعبوں میں بہتری لانے کے لیے مربوط اور ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام کو بنیادی طبی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کا وعدہ پورا کیا ہے، جس کے تحت "کلینک آن ویلز" منصوبے کو مزید وسعت دی گئی ہے۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ اب تک ان موبائل کلینکس کی تعداد 911 تک پہنچ چکی ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر دیہی اور دور دراز علاقوں میں عوام کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ صرف ایک سال کے اندر 92 لاکھ سے زائد مریضوں کو ان کلینکس کے ذریعے مفت طبی مشورے، ادویات اور تشخیصی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ اعداد و شمار نہ صرف حکومت پنجاب کی کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ یہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں ہر شعبے میں بہتری کے لیے مربوط منصوبہ بندی جاری ہے، اور جلد ہی دیگر فلاحی اقدامات بھی سامنے آئیں گے۔