چینی 180 میں فروخت ، آٹا 1500 روپے فی 20 کلو تک جا پہنچا، سرکاری قیمتیں مؤثر نہ رہیں، شہریوں کا شکوہ
لاہور (خصوصی رپورٹ) شہر کی مارکیٹوں میں انتظامیہ آٹا اور چینی کے سرکاری نرخ مقرر کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، جس کے باعث یہ اشیاء من مانے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔پرچون مارکیٹ میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ تھوک مارکیٹ میں اس کا ریٹ 176 سے 177 روپے فی کلو کے درمیان ہے۔ شوگر ملز کی جانب سے چینی 170 سے 172 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے، لیکن حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان چینی کی قیمت کم کرنے پر کوئی معاہدہ طے نہ پا سکا۔یاد رہے کہ چند ماہ قبل حکومت نے 30 روز کے لیے چینی کا نرخ 164 روپے فی کلو مقرر کیا تھا، تاہم یہ فیصلہ مؤثر ثابت نہ ہوا۔ گذشتہ دو ماہ سے چینی کھلے عام من مانے نرخوں پر فروخت ہو رہی ہے اور اس کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ادھر گندم کی قیمت میں کمی کے باوجود آٹے کی قیمتیں جوں کی توں برقرار ہیں۔ شہر کی مختلف مارکیٹوں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے 1350 سے 1500 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔ کھلا سرخ آٹا 80 روپے اور فائن آٹا 90 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، جبکہ چکی آٹا 130 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔