عدنان چودھری قتل کیس:(ن )لیگ کے نامزدر ہنما تنویر خان کا2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

راولپنڈی (آن لائن) سول جج راولپنڈی احسن رضا نے تحریک انصاف کے سابق رکن صوبائی اسمبلی عدنان چودھری قتل کیس میں نامزد مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق سینیٹر چودھری تنویر خان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھانہ سول لائن پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کو 20 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کرکے تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے۔ گذشتہ روز چودھری تنویر کو سخت سکیورٹی حصار میں عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر ملزم کے وکیل ملک وحید انجم اور مدعی کے وکیل شاہد علی شہزاد بھٹی بھی عدالت میں موجود تھے ۔دوران سماعت پولیس نے 7روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کہ قتل کی تحقیقات کے دیگر پہلوؤں کے ساتھ ملزم کے موبائل فون کی برآمدگی کرنا ہے تاہم عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد 2 یوم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو تھانہ سول لائن پولیس کی تحویل میں دے دیا۔