ایران پر اسرائیلی حملے عالمی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں: روس

  تہران کے جوہری پروگرام تنازع کا صرف سفارتکاری سے حل ممکن ہے، وزارت خارجہ کا بیان 
ماسکو (آئی این پی )روس نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو غیرقانونی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست دنیا کو جوہری تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے۔امریکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے جوہری عدم پھیلائوکے معاہدے کی پاسداری کی جب کہ تہران کے جوہری پروگرام تنازع کا صرف سفارتکاری سے حل ممکن ہے۔روسی وزارتِ خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اپنے ان حملوں کو فوری طور پر بند کرے جنہیں ماسکو نے غیر قانونی قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ایران میں پرامن جوہری تنصیبات پر اسرائیلی فریق کے جاری شدت پسندانہ حملے بین الاقوامی قانون کے نقطہ نظر سے غیر قانونی ہیں، جو نہ صرف عالمی سلامتی کے لیے خطرات پیدا کررہے ہیں بل کہ دنیا کو ایک ایٹمی تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔روس کی جانب سے اسرائیلی قیادت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر ان جوہری تنصیبات اور مقامات پر حملے بند کرے جو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں ہیں اور جن پر حفاظتی اقدامات لاگو ہوتے ہیں۔