آزادجموں وکشمیر کا 310ارب 20کروڑ کا ٹیکس فری بجٹ پیش کردیا گیا

 غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 2کھرب 61کروڑ ‘ ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 49ارب ، صحت کارڈ کے اجراء کیلئے 2ارب ،ایجوکیشن پیکیج کیلئے 2ارب 40کروڑ روپے مختص
 نئے مالی سال کیلئے 86ارب 20کروڑکا اضافہ‘ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں وفاق کے برابر اضافے کی تجویز، وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے بجٹ پیش کیا 
 بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن ارکان کا احتجاج‘ ایوان کے دروازے بند کر کے دھرنا دے دیا‘ حکومتی اراکین ایوان میں داخل نہ ہو سکے اجلاس تاخیر کا شکار ہوگیا
 مظفرآباد(آئی این پی )آزادجموں وکشمیر کی حکومت نے آئندہ مالی سال2025-26 کا 310ارب 20کروڑ حجم کا ٹیکس فری بجٹ پیش کردیا، نئے مالی سال کیلئے 86ارب 20کروڑ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے،جو گذشتہ سال کی نسبت 30فیصد زیادہ ہے،بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں وفاق کے برابر اضافے کی تجویز ہے،بجٹ  میں ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ 310ارب 20کروڑ روپے رکھا گیا ہے، غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 2کھرب 61کروڑ روپے ہے جبکہ ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 49ارب روپے ہے۔ صحت کارڈ کے اجراء کیلئے 2ارب روپے ،ایجوکیشن پیکیج کے تحت سکولز کی اپ گریڈیشن اور نئے ادارہ جات کے قیام کیلئے 2ارب 40کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 60کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، تمام محکموں میں بائیومیٹرک حاضری کا نظام نافذ ہوچکا ہے، آئندہ مالی سال کیلئے عوام الناس کو سستے آٹے کی فراہمی کیلئے فوڈ سبسڈی میں 37ارب 99 کروڑ 42 لاکھ 80ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں، شعبہ رسل و رسائل کیلئے 15ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔وزیر خزانہ آزاد جموں کشمیر عبدالماجد خان نے بدھ کے روز قانو  ن سازاسمبلی کے اجلاس میں مالی سال 26-2025کا بجٹ پیش کیا ۔ اپنی بجٹ تقریر میں انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ بات کسی اعزازسے کم نہیں کہ اتحادی حکومت کی جانب سے آزاد جموں وکشمیر کی تاریخ کا حجم کے اعتبار سے تاریخ ساز بجٹ ایوان میں پیش کررہا ہوں۔ سپیکر چودھری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں مالی سال 2025-26کا بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ آزاد جموں وکشمیر حکومت کی جانب سے مالی سال  2025-26 کا بجٹ ایسے موقع پر پیش کیا جارہا ہے کہ جب عالم اسلام کی واحد ایٹمی طاقت اسلامی جمہوریہ پاکستان کے خلاف ابلیسی طاقتوں کی مشترکہ سازش نے بین الاقومی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اور اپنی عسکری طاقت کے زعم میں 5اور 6مئی کی درمیانی شب کو ایک ناخوشگوار واقعہ کی بنیاد پر آزاد کشمیر اور پاکستان میں حملہ کردیا۔ بھارت کے اِس جنگی جنون نے دو ارب سے زائد انسانوں کو تباہی کے دھانے پرلا کھڑا کیا۔ لیکن چشم فلک نے دیکھا کہ اللہ کے شیروں نے اپنے مقابلے میں8گُنا بڑے دشمن کو دھول چٹائی۔اِن حالات میں کہ جب اغیار تو تماشا  دیکھ ہی رہے تھے لیکن پاکستان کی شیر دل عسکری قیادت نے ایمانی طاقت، جوانمردی، استقلال سے دشمن کو شکست دی ۔