عدم ادائیگیوں پر موزمبیق میں پاکستانی بحری جہاز ضبط، عملہ گرفتار

موزمبیق کے بیرا پورٹ پر موجود جہاز گیس فلیکن میں کھانا، پانی ختم ہوگیا،  سبزی، گوشت اور دیگر سامان کے ریفریجریٹر خالی ہوگئے
جہاز کا اے سی بھی بند ہوچکا‘موزمبیق حکام جہاز کی ایل پی جی جلد فروخت کریں تو رہائی ممکن ہے:کیپٹن کی مے ڈے کال

ماپوتو(آئی این پی)پاکستانی بحری جہاز کے عملے کو عدم ادائیگیوں کے سبب موزمبیق میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ جہاز کو ضبط کرلیا گیا۔رپورٹ کے مطابق  افریقی ملک موزمبیق کے بیرا پورٹ پر موجود جہاز گیس فلیکن میں کھانا، پانی بھی ختم ہوگیا، جہاز کے سبزی، گوشت اور دیگر سامان کے ریفریجریٹر خالی ہوگئے۔موزمبیق سے جہاز کے کپتان نے غیر معمولی مے ڈے کال دی اور ان کا کہنا ہے کہ عملے کی جان کو خطرہ ہے،پاکستانی کیپٹن کی مے ڈے کال کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ کیپٹن اسلم نے بتایا  جہاز کا اے سی بھی بند ہوچکا، جلد ایمرجنسی لائٹس بند اور موبائل سے رابطہ منقطع ہو جائے گا۔ جہاز پر سوار بھارتی کریو کو ان کی ڈائریکٹوریٹ پورٹ شپنگ نے ریسکیو کر لیا ہے۔کیپٹن اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈی جی پورٹس عالیہ شاہد سے رابطہ کیا ہے، جواب نہیں آیا، اگر موزمبیق حکام جہاز کی ایل پی جی جلد فروخت کریں تو رہائی ممکن ہے۔