ڈزنی کے نامور اینیمیٹر، ہدایت کار اور کہانی نویس راجر ایلرز 76 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے، جس سے عالمی اینیمیشن انڈسٹری ایک ایسے تخلیق کار سے محروم ہو گئی جن کے کام نے کروڑوں ناظرین کے بچپن کی یادوں کو امر کر دیا۔
راجر ایلرز نے "دی لائن کنگ"، "الادین"، "دی لِٹل مرمیڈ" اور "بیوٹی اینڈ دی بیسٹ" جیسی کلاسیکی اینیمیٹڈ فلموں کی تخلیق میں اہم کردار ادا کیا۔ان کی وفات کی تصدیق قریبی ساتھی اور پروڈیوسر ڈیو بوسرٹ نے کی، جن کے مطابق وہ چند روز قبل ہی مصر کے سفر کے دوران راجر ایلرز سے ای میل کے ذریعے رابطے میں تھے، جس نے خبر کو مزید ناقابلِ یقین بنا دیا۔ بوسرٹ نے ایلرز کو ڈزنی اینیمیشن کے سنہری دور کا مضبوط ستون قرار دیا۔راجر ایلرز نے اپنے کیریئر کا آغاز 1982 میں فلم "ٹرون" کے لیے سٹوری بورڈ آرٹسٹ کے طور پر کیا۔ بعد ازاں انہوں نے "اولیور اینڈ کمپنی" اور "دی لِٹل مرمیڈ" پر کام کیا، جبکہ "بیوٹی اینڈ دی بیسٹ" میں ہیڈ آف سٹوری کے طور پر نمایاں مقام حاصل کیا۔ 1994 میں "دی لائن کنگ" کی مشترکہ ہدایت کاری نے انہیں عالمی شہرت دلائی۔ساتھی فنکاروں کے مطابق راجر ایلرز اپنی عاجزی، شفقت اور خوش مزاج شخصیت کے لیے جانے جاتے تھے۔